دوشنبے: تاجکستان میں مسلح افراد کے حملے میں دو امریکی باشندوں سمیت چار غیر ملکی سیاح ہلاک ہوگئے ہیں۔
تاجکستان کے وزیر داخلہ رمضان ہامرو رحیم زادہ نے ایک بیان میں کہا ہے یہ حملہ اتوار کے روز دارالحکومت دوشنبے سے 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دانجارا میں ہوا جہاں چاقوؤں اور آتشیں اسلحے سے لیس حملہ آوروں نے 6 سائیکلسٹوں کے گروپ پر حملہ کرکے انہیں ہلاک کردیا۔
تاجر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو امریکی، ڈچ اور سوئٹزرلینڈ کے باشندے شامل ہیں جبکہ 2 سیاح زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رمضان ہامرو رحیم زادہ نے کہا کہ ان کی حکومت تمام پہلوؤں کو سامنے رکھے ہوئے ہے اور ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ حملہ دہشت گردی تھا یا چوری کی واردات تھا۔
ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق 56 سالہ سائیکلسٹ اپنی 58 سالہ دوست کے ہمراہ تھائی لینڈ سے ایران کی جانب رواں دواں تھے جب ان پر حملہ کیا گیا، حملے میں 56 سالہ شخص ہلاک ہوگئے جبکہ ان کی دوست کی حالت خطرے سے باہر ہے انہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے جبکہ حراست میں لیے جانے والوں میں اس کار کا مالک بھی شامل ہے جس کے ذریعے سیاحوں پر حملہ کیا گیا۔
دوشنبے میں موجود امریکی ایمبیسی نے دو امریکی سیاحوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں جبکہ مزید تحقیقات کے لیے تاجک حکام سے رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب تاجکستان میں موجود برطانوی ایمبیسی نے سیاحوں کو سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔