ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے خان صاحب کی طرف سے دیے جانے والے نام کو سب قبول کریں گے، جہانگیر ترین

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے خان صاحب کی طرف سے دیے جانے والے نام کو سب قبول کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں ںے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا ’کے پی اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کے لیے عمران خان کو مکمل اختیار ہے، تحریکِ انصاف تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔‘

جہانگیر ترین نے پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق پی ٹی آئی کے نمبرز پورے ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سے 18 آزاد ارکان اب تک پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں، جب کہ قومی اسمبلی کے 11 منتخب آزاد ارکان جلد پی ٹی آئی میں شامل ہو جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اب تک تحریکِ انصاف میں 5 سے 6 آزاد رکن قومی اسمبلی شامل ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کل تک پنجاب سے پارٹی اسکور کے مزید بڑھنے کا بھی دعویٰ کیا۔

جہانگیر ترین نے آزاد ارکان اجمل چیمہ اور ملک عمر فاروق کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آزاد امیدوار ہمارے پاس نظریے کی بنیاد پر آ رہے ہیں۔

پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے نیا نام سامنے آ گیا


دوسری طرف پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے نیا نام سامنے آ گیا ہے، میڈیا میں گردش کرتی پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان اختلافات کی خبروں کے درمیان اس نام نے سب کو چونکا دیا ہے۔

پنجاب میں ایسا وزیر اعلیٰ لے کر آئیں گے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائے: شاہ محمود

آج بنی گالہ میں پارٹی کے چیئرمین عمران خان سے رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال نے وَن آن وَن ملاقات کی، میاں اسلم کا نام پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے سلسلے میں لیا جانے لگا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں عمران خان نے میاں اسلم سے تفصیلی مشاورت کی اور پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق معاملات پر تبادلۂ خیال کیا۔

واضح رہے کہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کے منصب کے لیے پی ٹی آئی قیادت تاحال کوئی فیصلہ نہیں کر سکی ہے، اس سلسلے میں شاہ محمود قریشی عبوری وزیرِ اعلیٰ لانے کی تجویز بھی دے چکے ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں