آکلینڈ: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے رواں سال ٹیم پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی، پی سی بی نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے رواں سال تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی ہے، اکتوبر میں پی سی بی کی میزبانی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ضرور کھیلیں گے لیکن ابھی وقت مناسب نہیں ہے، پاکستان کے حالات پہلے سے بہتر ہیں لیکن ابھی دورہ نہیں کرسکتے سیکیورٹی ماہرین نے پاکستان کے حالات مزید بہتر ہونے کا انتظار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین گریگ بارلے نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس فیصلے سے مایوسی ہوگی تاہم جیسے ہی پاکستان کے حالات مزید بہتر ہوں گے ٹیم پاکستان کا دورہ ضرور کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز اکتوبر میں کھیلی جائے گی، پی سی بی نے تین ٹی ٹوینٹی میچز پاکستان میں کھیلنے کی درخواست کی تھی۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم کراچی کے ہوٹل میں ہونے والے بم دھماکے کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس وطن روانہ ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد سے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی گئی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز وہ واحد ٹیم ہے جس نے رواں سال پاکستان کا دورہ کیا تھا۔