اتوار, ستمبر 29, 2024
اشتہار

عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں رہائش نہ رکھنے کے فیصلے پر قائم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے سے پہلے عمران خان نے بڑا فیصلہ کیا، وہ وزیراعظم ہاؤس کے بجائے اسپیکر ہاؤس میں قیام کریں گے جبکہ پروٹوکول بھی کم سے کم رکھنےکی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے منسٹر انکلیو میں اسپیکر ہاؤس میں قیام کا فیصلہ کیا ہے، وہ وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہیں گے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ میں عوام کےٹیکس کے پیسوں کا خود محافظ ہوں، عوام کا پیسہ حکمرانوں کی عیاشیوں پرخرچ نہیں ہوگا۔

- Advertisement -

کپتان نے واضح کیا کہ نہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہوں گی نہ شہنشاہوں والا پروٹوکول ہوگا جبکہ وفاقی اور صوبائی وزرا کا پروٹوکول کم سے کم رکھنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نہ خود پروٹوکول لوں گا نہ دوسروں کو لینے دوں گا۔ تمام وزراء ان کے بنائے گئے ایس او پی کے پابند ہوں گے۔

مزید پڑھیں : عوام کےٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کروں گا

یاد رہے کہ وفاق میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے بنی گالا میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وعدہ کرتاہوں، عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کروں گا، عوام ٹیکس اس لیےنہیں دیتے کیوں کہ وہ دیکھتے ہیں کہ حکمران ان پیسوں سے عیاشی کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے سارے خرچے کم کریں گے، وزیراعظم ہاؤس کو ایجوکیشن سسٹم کے لئے دینا ہے یا ہوٹل بنانا ہے، ہماری حکومت فیصلہ کرے گی، وزیراعظم ہاؤس کے ذریعے کمایا گیا سارا پیسہ عوام پرخرچ کریں گے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے تقریب سادگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے ، فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان سادگی سے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے، تقریب سے کسی قسم کے تعیش یا تکلف کا اظہار نہیں کیا جائے گا جبکہ تقریب مکمل طور پر قومی تقریب ہوگی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں