کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کی اہلیہ شرینا اکرم کے بہنوئی کو 8 سالہ پاکستانی بچے شعیب اختر نے کلین بولڈ کر کے سب کو حیران کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کا جنون خاصہ حد تک شہریوں میں پایا جاتا ہے، اگر اس بات کو یوں کہا جائے کہ پاکستانیوں کا کرکٹ کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے تو غلط نہ ہوگا۔
گلی محلوں میں کھیلنے والے نوجوان اور بچے جب بلا اور گیند ہاتھ میں تھامے وکٹ پر کھڑے ہوتے ہیں تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کو خاص طور پر مدنظر رکھتے ہیں۔ اس بات کا اعتراف کئی بڑے کرکٹر اور خود آئی سی سی بھی کرچکا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان کی اہلیہ جن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے وہ شادی کے بعد سے زیادہ تر وقت پاکستان میں ہی گزار رہی ہیں اور وہ ملک کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اکثر و بیشتر پیش کرتی رہتی ہیں تاکہ پاکستان کے حوالے سے پیدا ہونے والی بدگمانیاں ختم ہوں۔
شرینا اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جو کراچی کے ساحل کی ہے، انہوں نے بتایا کہ ’میرے بہنوئی ’پیٹ‘ گزشتہ روز ساحل پر پہنچے اور انہوں نے سیر کے لیے آئے ہوئے بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی‘۔
وسیم اکرم کی اہلیہ نے لکھا کہ ’میرے بہنوئی کو 8 سالہ شعیب اختر نے بولڈ کیا، یہ کوئی حیران کن بات نہیں کیونکہ پاکستان میں اس طرح کا ہونا ممکن ہے‘، ساتھ ہی انہوں نے 3ہیش ٹیگ #WhenInPakistan، #CricketNation، #AustraliaLovePakistan بھی تحریر کیے۔
My brother in law Pat playing a bit of beach cricket in Karachi yesterday. And as one would expect when you are in Pakistan, he got bowled out by an 8 year old Shoaib Akhtar! #WhenInPakistan #cricketnation #AustraliaLovesPakistan pic.twitter.com/a9aLkygh9Z
— Shaniera Akram (@iamShaniera) August 2, 2018