کراچی : نگراں وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی محمد یوسف شیخ کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت نے چالیس وزرا کا کام چھ وزرا سے کروا کر دکھایا اور ثابت کیا کہ کم سے کم وزراء میں بھی اچھا کام کیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نگراں وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی محمد یوسف شیخ نے پاکستان اسٹینڈرڈ کنٹرول اتھارٹی اور اوشینو گرافی پاکستان انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا۔
نگراں وزیر کو محکمہ کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کی بریفنگ بھی دی گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں نگراں وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ سمندری آلودگی بہت بڑھ گئی ہے، اس لئے انڈسٹریل ویسٹ کے لئے قانون بنایا جارہا ہے۔
محمد یوسف شیخ نے کہا کہ الیکشن 2018 میں نگراں حکومت نے اپنا کردار سو فیصد ادا کیا ہے اور ہم نے چالیس وزراء کا کام چھ وزراء سے لیکر یہ ثابت کیا ہے کہ کم سے کم وزراء میں بھی اچھا کام کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دس دن میں نئی حکومت کو حلف اٹھا لینا چاہیئے۔
الیکشن میں دھاندلی کا الزامات کے حوالے سے وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا سیاسی جماعتوں نے دھاندلی کا الزام الیکشن کمیشن پر لگایا ہے نگراں حکومت پر نہیں۔