سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں نام نہاد آپریشن کے دوران 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیری نوجوانوں کی شہادت پراحتجاج کرنے والے شہریوں پربھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گنوں، آنسو گیس شیلنگ اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا گیا جس کی زد میں آکر 20 افراد زخمی ہوگئے۔
قابض انتظامیہ نے ضلع شوپیاں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند کررکھی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 نوجوان شہید
خیال رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج نے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
مقبوضہ کشمیرمیں ایک ماہ کے دوران 21 کشمیری شہید
کشمیر میڈیا سروس نے دو روز قبل رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں جولائی کے ماہ میں 21 نہتے کشمیریوں کو شہید جبکہ 310 کشمیری کوزخمی کیا۔
بھارتی فوج نے جولائی میں حریت رہنماؤں سمیت 169 افراد کو گرفتار کیا اورمحاصروں کے دوران 46 گھروں کو تباہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آغاز میں دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی کو سری نگرجیل سے نئی دہلی کی تہار جیل منتقل کیا گیا تھا۔