کراچی: سابق اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا گیا جس کے بعد انہوں نے کامیابی کے لیے رابطے شروع کردیے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے خورشید شاہ کو قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے، اسپیکر کے انتخاب میں کامیابی کے لیے خورشید شاہ نے رابطے بھی شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں سے بھی رابطےکریں گے، جبکہ اپوزیشن کے دیگر رہنما بھی ان کی کامیابی کے لیے کوشش کریں گے۔
پارلیمانی ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے انتخاب میں فلور کراسنگ کا قانون لاگو نہیں ہوتا، خورشید شاہ اپنی کامیابی کے لیے دیگر رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔
پی ٹی آئی کا دارومدار ایم کیوایم پر ہے، اپوزیشن متفقہ امیدوار لائے گی، خورشید شاہ
خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سکھر سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور وہ گزشتہ دور حکومت میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تھے۔
گذشتہ دنوں ہونے والے آل پارٹیز کانفرسن میں اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیا تھا اور بلاول بھٹو زرداری نے مشاورت کے بعد خورشید شاہ کے نام کی منظوری دی۔
واضح رہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اسمبلی میں حلف اٹھانے اور وزیراعظم سمیت اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔