واشنگٹن : امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چھوٹا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے فوراً بعد 1.6 کلومیٹر کے فاصلے پر شاپنگ مال میں گرکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع اسٹرپ نامی شاپنگ مال کی کار پارکنگ میں اچانک چھوٹا طیارہ انجن میں فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں جہاز میں سوار پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ طیارہ دو انجن والا کیسنا 414 تھا جو جان وائن ایئر پورٹ کے رن وے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد 1.6 کلو میٹر کے فاصلے پر شاپنگ مال کی پارکنگ میں کھڑی لال رنگ کی گاڑی پر گر کر تباہ ہوگیا۔
امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طیارے کے پرواز کرنے کے بعد ہی پائلٹ نے کنٹرول روم کے عملے کو جہاز میں فنی خرابی سے آگاہ کردیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی طیاہ حادثے کا شکار ہوگیا۔
کیلی فورنیا پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز گذشتہ روز 12 بج کر 28 منٹ پر حادثے کا شکار ہوا تھا اور خوش قسمتی سے طیارے کی زد میں آنے والی کار کا مالک چند لمحے قبل ہی گاڑی سے اتر کر مال میں گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فیڈرل ایوی ایشن اور نیشنل ٹرانسپورٹ سروس کی جانب سے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تاہم حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
میکسیکو میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 85 افراد زخمی
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی امریکی ریاست میکسیکو کے شہر ڈورانگو میں ایرو میکسیکو نامی فضائی کمپنی کا مسافر بردار طیارہ اے ایم 2431 رن وے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد 10 کلو میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 85 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں97 مسافروں سمیت 101 افراد سوار تھے، جائے حادثہ سے 85 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔