اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

کراچی، واجبات کی عدم ادائیگی پرعملے کی یرغمالی کا ڈراپ سین، ملزم گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سپرہائی وے انڈسٹریل ایریا کی نجی کمپنی میں یرغمال بنائے جانے والے عملے کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے بازیاب کرواتے ہوئے ملزم سلیم شہزاد حسین کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق گلشن معمار میں موجود انڈسٹریل ایریا میں واقع نجی فیکٹری میں کام کرنے والے ملازم کو مالکان نے غلطی کرنے پر نوکری سے برطرف کیا اور واجبات ادا نہ کیے تو اُس نے آج شام عملے کو یرغمال بنایا۔

ملازم سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ ’اُسے 7 ماہ قبل ملازمت سے جبری طور پر برطرف کیا گیا اور مالکان نے دو ماہ کے واجبات بھی ادا نہیں کیے‘۔ ملزم آج شام اسلحے کے زور پر فیکٹری میں داخل ہوا اور اُس نے افسران کو یرغمال بنا کر تنخواہ ادائیگی کا مطالبہ کیا۔

ملزم نے عملے کو یرغمال بنانے کے بعد اپنا ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں اُس کا کہنا تھا کہ ’اگر میرے واجبات ادا نہیں کیے گئے تو ملازمین سمیت خود کو دھماکے سے اڑا لوں گا‘۔

پولیس کو جب واقعے کی اطلاع ملی تو ایس ایس پی ملیر کی سربراہی میں ٹیم فیکٹری کے باہر پہنچی اور سلیم شہزاد کو مذاکرات کی پیش کش کی کہ وہ ہتھیار ڈال کر میڈیا کے سامنے خود کو قانون کے حوالے کردے ، اُس کے جو بھی جائز مطالبات ہیں انہیں پورا کروایا جائے گا۔

ملازم نے پولیس سے شرط عائد کی کہ وہ اعلیٰ افسران کی موجودگی  اور یقین دہانی کے بعد ہی گرفتاری دے گا، اس دوران اُس نے یرغمال بنائے جانے والے افراد کو خوفزدہ کرنے کے لیے ہوائی فائر بھی کیے۔

ایس ایس پی ملیر منیر شیخ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سلیم کو 6  ماہ قبل مشین گرانے پر کام سے نکالا گیا، یہ دوپہر 2 بجے فیکٹری میں داخل ہوا اور پھر مینیجمنٹ کے 3 لوگوں کو یرغمال بنایا جن میں سے ایک کو اُس نے خود چھوڑ دیا‘۔

پولیس ٹیم نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مزید نفری اور رینجرز جوانوں کی خدمات جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی طلب کرلیا تھا۔

نمائندہ اے آر وائی کے مطابق پولیس اور ملزم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوئے جس کے بعد 8 گھنٹے بعد تمام ڈرامے کا ڈراپ سین ہوا اور مسلح شخص نے خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حوالے کیا جس کے بعد پولیس اکاؤنٹینٹ و مینیجر کو بازیاب کروا کے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں