لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے رویوں سے دل برداشتہ ہوکر ریٹائرمنٹ کا سوچنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان محمد حفیظ سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی پر ناراض ہوگئے، دل برداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا سوچنے لگے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی پر محمد حفیظ دلبرداشتہ ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ان اقدامات پر سخت ناراض ہیں۔
آئی سی سی پر تنقید: محمد حفیظ کو پی سی بی سے معافی مل گئی
خیال رہے کہ حفیظ دورہ زمبابوے میں بھی ٹیم منجمنٹ سے نالاں تھے، حفیظ کو دو ٹی ٹوئنٹی میں پر فارم نہ کرنے پر ڈراپ کردیا گیا تھا، جبکہ زمبابوے کے خلاف پانچوں ون ڈے میچز میں حفیظ کو نہیں کھلایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز 33 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیے تھے، ’اے‘ اور ’بی‘ کیٹیگری میں چھ چھ کھلاڑی، ’سی‘ میں 9 جبکہ ’ڈی‘ کیٹیگری میں 5 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے، اسی طرح ’ای‘ کیٹیگری میں 7 کھلاڑی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ نئے کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 20 سے 25 فیصد اضافہ اور میچ فیس میں 20 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جو اگست سے نافذالعمل ہو گا۔