لاہور : پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مکمل واجبات ادا کردیئے، صدر پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ ہم نے عہد پوراکردیا، اب کھلاڑی وعدہ پورا کریں گولڈ میڈل جیت کر لائیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا احتجاج رنگ لے آیا، پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مکمل واجبات ادا کردیئے۔
اس حوالے سے ترجمان پی ایچ ایف نے کہا ہے کہ صدر پی ایچ ایف نے ایشین گیمز سے قبل کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بقایا جات ادا کرنے کا وعدہ پورا کردیا ہے، بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد نے ذاتی حیثیت میں فنڈز کا انتظام کیا ہے۔
ترجمان پی ایچ ایف کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے واجبات اکاؤنٹس میں منتقل کردیئے گئے، اس کے علاوہ غیر ملکی اسٹاف کو بھی واجبات کی ادائیگیاں کردی گئیں ہیں۔
دوسری جانب صدر پی ایچ ایف بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا عہد پورا کردیا اب کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی وعدہ پورا کریں اور ملک کیلئے گولڈ میڈل جیت کر لائیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ایشین گیمز میں بھارت کو ہرا کر قوم کو تحفہ دیں، انہوں نے کہا کہ فنڈز کے حوالے سے اسپانسرز کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، قومی کھیل میں بہتری کیلئے نجی سیکٹر سے مدد لے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: یومیہ الاؤنسز سے محروم پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردی
یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے واجبات کی عدم ادائیگی پر احتجاجاً آئندہ ماہ انڈونیشیا میں ہونے والے ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردیا تھا۔
مزید پڑھیں: پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی مقروض
ان کا کہنا تھا کہ اگر جیب خالی ہو تو کارکردگی کیسے دکھائیں؟ قوم کے سامنے شرمندہ ہونا نہیں چاہتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی تا حال یومیہ الاؤنسز سے بھی محروم ہیں، پی ایچ ایف کے جھوٹے وعدوں اور اعلانات سے گھر کا چولہا نہیں جلا سکتے۔