اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے منتخب ارکان کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا، اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے منتخب ارکان کا اجلاس آج سہ پہر سلام آباد میں ہوگا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس کے دوران پارٹی کے اہم عہدوں اور ذمہ داریوں کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا، اجلاس میں سندھ اسمبلی کے لیے لیڈر آف دی اپوزیشن بھی نامزد کیا جائے گا۔
کراچی کے مسائل پر مشاورت اور اسمبلی میں کردار سے متعلق موضوع بھی مذکورہ اجلاس میں زیر بحث آئے گا، جبکہ اہم عہدوں کی ذمہ داریاں بھی رہنماؤں کو سونپی جائیں گی۔
مذاکرات کام یاب: بلوچستان نیشنل پارٹی وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمران خان کی حمایت کرے گی
تحریک انصاف کے نومنتخب رکن اسمبلی جمال صدیقی ودیگر اسلام آباد پہنچ گئے، جبکہ فردوس شمیم نقوی اور دیگر ارکان اسمبلی کل صبح اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
فردوس شمیم نقوی یا خرم شیرزمان اپوزیشن لیڈرہوں گے یا نہیں فیصلہ کل ہوگا، تاہم رہنماؤں کی جانب سے یہی خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے قبول ہوگا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں آج ہونے والے پی ٹی آئی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مذاکرات کام یاب ہوگئے، تحریکِ انصاف کی جانب سے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی نے بی این پی سربراہ اختر مینگل کے ساتھ 6 نکاتی معاہدے پر اتفاق کر لیا۔