کراچی: حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا نے تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے دوران چیئرمین عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے چیئرمین عمران خان کا پیغام پیر پگارا کو پہنچایا، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے پیر پگارا سے کہا کہ حکومت سازی میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔
قبل ازیں حروں کے روحانی پیشوا پیر سید صبغت اللہ راشدی سے تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنماؤں سے کنگری ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں عارف علوی اور عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے عمران خان کا پیغام پیر پگارا کو پہنچایا، انھوں نے کہا کہ وفاق میں حکومت سازی کے لیے ہمارا ساتھ دیں، پی ٹی آئی ملک کو کرپشن سے پاک کرنا چاہتی ہے۔
پیر پگارا نے مرکز میں عمران خان کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’عمران خان بہتری کے لیے آگے بڑھیں، ہم ہر دکھ سکھ میں غیرمشروط طور پر پی ٹی آئی کا ساتھ دیں گے۔‘
اس موقع پر حروں کے روحانی پیشوا نے کہا کہ سندھ میں سازش کے تحت گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے امیدواروں کو ہرایا گیا،ہم اس پر پُرامن احتجاج کریں گے۔
مذاکرات کام یاب: بلوچستان نیشنل پارٹی وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمران خان کی حمایت کرے گی
واضح رہے کہ پیر پگارا الیکشن سے قبل بھی عمران خان کے ساتھ رابطے میں تھے، تاہم انھوں نے 2018 کے انتخابات نہ ہونے کی پیشن گوئی کر دی تھی، ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات ملک کے لیے اچھے ثابت نہیں ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی
جی ڈی ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ جی ڈی اے نے قومی اسمبلی میں حمایت کی ہماری درخواست کو قبول کیا، سندھ میں ہم مشترکہ اپوزیشن بنائیں گے جن میں پی ٹی آئی، جی ڈی اے اور ایم کیو ایم شامل ہیں، حکمت عملی کے لیے لائحہ مل کر طے کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے 14 نشستیں پی ٹی آئی کو دیں جس نے پارٹی کا حوصلہ بڑھایا، سندھ کے عوام نے مجھے ووٹ دیا لیکن میں ہار گیا مگر کوئی بات نہیں، مشکل حالات میں ٹرن آؤٹ بہت اچھا رہا۔ اسلام آباد میں پی پی اور اپوزیشن نے کس بات کا احتجاج کیا، بی بی کی شہادت کے بعد تو پی پی کو زیادہ نشستیں ملی ہیں۔
شاہ محمود کا کہنا تھا ’سندھ کو ملنے والی 100 ارب روپے کی رائلٹی کا کوئی حساب کتاب نہیں، سندھ کے 10 اضلاع کو تیل اور گیس کی مد میں 100 ارب کی رائلٹی ملتی ہے، کنگری ہاؤس ملاقات میں رائلٹی کے معاملے پر تفصیلی بات کی گئی۔ ہم ماضی میں ہونے والی لوٹ مار کو ختم کریں گے۔ ہم کسی کے ساتھ سودے بازی نہیں کر رہے بلکہ مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں۔‘