لندن: سابق وزیر خزانہ اور مفرور ملزم اسحاق ڈار کو لندن کی سڑک پر واک کے دوران شہری نے گھیر لیا، ویڈیو وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بیماری کا بہانا بنا کر لندن میں گھومنے والے اسحاق ڈار کو شہری نے گھیر لیا اور ویڈیو بھی بنائی جس میں سابق وزیر خزانہ بظاہر چاق و چوبند نظر آ رہے ہیں۔
اسحاق ڈار کی اکیلے گھومتے ہوئے ویڈیو سامنے آگئی، جس میں سابق وزیرخزانہ بظاہر چاق و چوبند نظر آ رہے ہیں، اسحاق ڈار نے ویڈیو بنانے والے سے سوال کیا کہ وہ اس کی کیا مدد کر سکتے ہیں؟
پوچھے گئے سوال پر شہری نے نام پوچھ لیا، اسحاق ڈار جواب دیے بغیر آگے بڑھ گئے، جس کے بعد شہری نے پھر سوال کیا کہ ایسے کام ہی کیوں کرتے ہو کہ منہ چھپانا پڑے؟ تاہم وہ جواب دیے بغیر چلے گئے۔
نیب کی درخواست پر اسحاق ڈار کا پاسپورٹ بلاک کردیا
خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا ہے۔
قومی احتساب بیورو نے اسحاق ڈارکو انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ نیب کی جانب سے جاری ریڈ وارنٹ میں برطانیہ کے ایون فیلڈ ہاؤس پارک لین 16 اے اور سابق وفاقی وزیرخزانہ کے دبئی میں موجود دوسرے گھر ای 144 ہجویری ویلا ایمریٹس ہل کے گھر کا ایڈریس لکھا ہوا ہے۔