منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

پہلا ٹارگٹ معیشت کی بحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارا پہلا ٹارگٹ معیشت کی بحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، عمران خان نے گورنرسندھ کیلئے عمران اسماعیل کے نام کی منظوری دیدی، عمران خان میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔

یہ بات انہوں نے بنی گالہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا فیصلہ جلد ہوجائے گا، پارلیمانی پارٹی رہنماؤں کو حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، شہباز شریف، بلاول بھٹو، خورشید شاہ کو تقریب میں مدعو کیا جائےگا۔

سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے آرہے ہیں تاہم سنیل گواسکر مصروفیات کے باعث حلف برداری کی تقریب میں نہیں آسکیں گے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان میانوالی کی نشست رکھیں گے جبکہ باقی چار نشستیں چھوڑ دیں گے، اسپیکرکے انتخاب کیلئے180ووٹ حاصل کرلیں گے جبکہ وزیراعظم کے انتخاب کیلئے180ووٹ سے زیادہ حاصل کریں گے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے تین نام فائنل کیے گئے ہیں، پنجاب اسمبلی کا اجلاس15اگست کو طلب کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق آج بھی مشاورت ہوئی ہے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا عہدہ پی ٹی آئی کے پاس رہے گا، وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق 24سے48گھنٹے میں فیصلہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ کو جوابدہ ہوں گے، وزیراعظم خود ایوان میں ایک گھنٹے سوالات کے جواب دیا کریں گے، معیشت کی بحالی اس وقت ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، اسد عمر اور ان کی ٹیم کی توجہ اس وقت معیشت پر ہی مرکوز ہے، اس کے علاوہ اسد عمر بین الاقوامی امور پر بھی بریفنگ لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس، گورنرہاؤسز، چیف سیکریٹری ہاؤسز کے اخراجات کم کریں گے، سب سے پہلا ٹارگٹ معیشت اور روز گار کے مواقع پیدا کرنا ہے، عمران خان کی رہائش گاہ سے متعلق سیکیورٹی ایشوز ہیں، اس حوالے سے بھی اقدامات کررہے ہیں، سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ آنے کے بعد بتایا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں