اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تفصیلات جاری کردیں، پاکستان تحریک انصاف 158نشستوں کےساتھ سرفہرست جبکہ مسلم لیگ (ن)82نشستوں کےساتھ دوسرےنمبر پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کا اعلان کردیا گیا۔ فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کو خواتین کی28مخصوص نشستیں مل گئیں۔
جس کے بعد تحریک انصاف قومی اسمبلی میں 158نشستوں کےساتھ سرفہرست ہے، اس کے بعد ن لیگ کو16مخصوص نشستیں ملی ہیں، ن لیگ اب82سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی نے خواتین کی9مخصوص نشستیں حاصل کیں، جس کے بعد اب پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں 53نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
دیگر کامیاب جماعتوں میں ایم ایم اے کو دو، جی ڈی اے اور ایم کیوایم کو خواتین کی ایک ایک مخصوص نشست ملے گی جبکہ ق لیگ، بی اے پی اور بی این پی کو بھی خواتین کی ایک ایک مخصوص نشست مل گئی۔
الیکشن کمیشن کی جاری تفصیلات کے مطابق اقلیتوں کی دس مخصوص نشستوں میں سے پی ٹی آئی کو5سیٹیں مل گئیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو 2،2سیٹیں جبکہ متحدہ مجلس عمل کو اقلیتوں کی ایک مخصوص نشست ملی ہے۔