لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کا کہنا ہے عمران خان کی قیادت میں ملک میں خوشحالی آئے گی، وہ ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں، آئندہ چوبیس گھنٹے میں وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کرلیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا میں عوام نے دوبارہ پی ٹی آئی کو کامیاب کرایا، یقین دلاتے ہیں جو تبدیلی خیبر پختونخواہ میں آئی وہی پورے ملک میں آئے گی۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک میں خوشحالی آئے گی، ،22سال کی جدوجہد ہے، عمران خان ملک کیلئے کچھ کرناچاہتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان نے بہترین سلیکشن کی ہے، کچھ لوگ غلط فہمیاں پھیلاتےہیں، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر چھوٹے صوبوں سے لیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان مشاورت کے بعد فیصلے کرتے ہیں اور ملک بھر میں یکساں ترقیاتی کام چاہتے ہیں، انھوں نے جس کومنتخب کیا لوگوں نے اسے پسند کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے یاسمین راشد نے کہا آئندہ چوبیس گھنٹے میں وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کرلیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا جنوبی پنجاب میں بھی وہی ترقی ہوگی جولاہور میں ہوئی، جنوبی پنجاب بہت محرومیوں کا شکار رہا ہے، اچھی بات ہے، بہتر اپوزیشن آئی ہے۔