لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان چوہدری منظور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہیں دے گی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ’وزارتِ عظمیٰ کے لیے ن لیگ کو 3 دن پہلے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا، ان سے کہہ دیا تھا کہ شہباز شریف کو ووٹ نہیں دیں گے۔‘
چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے فی الحال کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا، مرضی کا امیدوار نہ ہوا تو ممکن ہے ووٹنگ میں حصہ ہی نہ لیں۔
پی پی ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کو پارلیمنٹ لانے میں اپنا کردار ادا کیا، ہم نے بندے توڑنے کے لیے کوئی کوشش نہیں کی، ہم چاہتے ہیں کہ سسٹم کو مسائل ختم کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔
چوہدری منظور نے آج قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے موقع پر احتجاج کے حوالے سے کہا ’ن لیگ کے احتجاج کے طریقۂ کار سے پیپلز پارٹی کو اختلاف ہے، نشستوں پر بیٹھ کر احتجاج کیا جانا چاہیے تھا۔‘
ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا الائنس غیر فطری ہے: شاہ محمود قریشی
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ابھی صرف ایک پوائنٹ پر اکھٹی ہوئی ہے، یہ پوائنٹ ہے انتخابات میں دھاندلی، ہمارا اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔
چوہدری منظور نے نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی طے کرلے کہ سابق وزرائے اعظم کے ساتھ کیسا سلوک کرنا ہے، نواز شریف کو فیئر ٹرائل ملا ہے، فیصلے سے اختلاف کیا جاسکتا ہے لیکن میاں صاحب کو ٹرائل فیئر ملا۔
واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے متعدد بار کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم ن لیگ کا اتحاد غیر فطری ہے، جس پر پی پی کے رہنما نے کہا کہ ان کا ن لیگ کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوا۔