اسلام آباد : ملک بھر میں صدارتی الیکشن چار ستمبر کو ہوگا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ستائیس اگست ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا، جس کے مطابق ملک بھر میں صدارتی الیکشن 4 ستمبر کو ہوگا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 27اگست ہے، امیدواروں کی اسکروٹنی 29 اگست تک ہوگی جبکہ امیدوار کاغذات نامزدگی 30 اگست تک واپس لے سکیں گے۔
ای سی کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 30 اگست کو جاری ہوگی، پولنگ پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی،پولنگ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔
خیال رہے صدر کی آئینی مدت 9 ستمبر 2018 کو پوری ہوگی ، صدر کی آئینی مدت پوری ہونے سے 30دن قبل انتخابات کرانے ہوتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخابات کے حوالے آئینی تقاضوں کی تکمیل ممکن نہیں، عام انتخابات میں تاخیر کی وجہ سے صدارتی انتخابات کے لیے وقت کم ہے۔
نئی اسمبلیاں ملک کے 13ویں صدر کا انتخاب کریں گی۔