واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کی پالیسیوں اور شرپسند سرگرمیوں کے خلاف ہمیشہ کھڑا رہے گا، اور سخت فیصلے کیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ہیدر نوئرٹ کا کہنا تھا کہ امریکا کی ایران سے معلق حکمت عملی واضح ہے اور اس پر عمل بھی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران مشرقی وسطیٰ کے لیے ہمیشہ سے خطرہ رہا ہے، اور یہ موقف نہ صرف امریکا بلکہ دیگر ملکوں کا بھی ہے، جس کے باعث ایران پر پابندیاں ہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو اپنا رویہ درست کرنے کی ضرورت ہے، امریکا ان کے غلط فیصلوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑا رہے گا۔
امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایران کو جھکانا چاہتا ہے: ایرانی نائب صدر
خیال رہے کہ گذشتہ روز ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کہا تھا کہ امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایران کو جھکانا چاہتا ہے، لیکن یہ کوششیں ناکام ہوں گیں۔
اسحاق جہانگیری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا اس کوشش میں ہے کہ وہ مختلف پابندیوں کا نفاذ کر کے ایران کو دباؤ میں رکھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایرانی قوم کی اولین ترجیح یہ ہے کہ پابندیرں کے نفاذ کے بعد اتفاق و اتحاد سے آگے بڑھا جائے تا کہ ایرانی عوام کو کم سے کم نقصان برداشت کرنا پڑے۔