ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

کشمیریوں کو نومنتخب حکومت اور عمران خان سے بہت توقعات ہیں، مشعال ملک

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو نومنتخب حکومت اور عمران خان سے بہت توقعات ہیں۔ دعا ہے کہ نومنتخب حکومت کشمیریوں کی توقعات پر پورا اترے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ چنار کا درخت جنت نظیر وادی کی پہچان ہے، قوم کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے، سبز ہلالی پرچم کی طرح پاکستان کو سرسبز بنائیں گے۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی طرح پاکستان کو سرسبز دیکھنے کی خواہش ہے، ہندوستان پانی روک کر پاکستان کو بنجر کرنا چاہتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دنیا ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے سے متعلق پاکستانی کوششوں کو تسلیم کر رہی ہے، پاکستان کو جنت نظیر کشمیر جیسا سرسبز و شاداب ملک بنائیں گے۔ وادی کشمیر میں ہر گھڑی پاکستان زندہ باد کی صدائیں گونجتی ہیں۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ کا کہنا تھا بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی سرسبز وادی کو لہو میں رنگ دیا ہے۔ مودی سرکار جان لے لاشیں گرا کر امن نہیں لایا جا سکتا، امید ہے کشمیریوں کو جلد آزادی کی صبح دیکھنا نصیب ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانیوں کا کشمیریوں سے رشتہ لازوال اور اٹوٹ ہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔

مشعال ملک نے مطالبہ کیا کہ نئی حکومت مسئلہ کشمیر پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے عالمی سطح پر لابنگ تیز کرے اور کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اے پی سی بلائے، خواہش ہے کہ نئی حکومت مسئلہ کشمیر پر ٹھوس پالیسیاں مرتب کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے اہم فریق ہیں، کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں، مسئلہ کشمیر سے متعلق ہر فیصلہ کشمیریوں کی مشاورت سے ہونا چاہیئے۔ حق خودارادیت کشمیریوں کا پیدائشی بنیادی حق ہے۔ بھارت کو کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ہوگی۔

اہلیہ یاسین ملک نے کہا بھارت بدترین ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کو نہیں دبا سکا۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں شکست تسلیم کر چکا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں قیام امن ممکن نہیں۔ خطے کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے متعلق اپنا کردار بروقت ادا کرے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں