اسلام آباد: نو منتخب وزیر اعظم عمران نے میڈیا مالکان سے ملاقات میں کہا ہے کہ حکومت اورعوام کی جانب سے اخراجات کم کرنے سے معیشت پربوجھ کم ہوگا، میڈیا عوام کو کفایت شعاری کی ترغیب دے۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے پاکستانی میڈیا کے مالکان نے ملاقات کی ہے، جس میں ملک کے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا ہے۔
میڈیا مالکان کی نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران اے آئی وائی نیٹ ورک کے صدر و سی ای او سلمان اقبال بھی موجود تھے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے میڈیا مالکان سے ملاقات کے دوران معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔
ایک روز وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے والے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے، حکومت اورعوام کو اخراجات کم کرنا ہوں گے، حکومت اورعوام کی جانب سے اخراجات کم کرنے سے معیشت پربوجھ کم ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میڈیا لوگوں کو کفایت شعاری کی ترغیب دینے میں کردار ادا کرے، ہم جتنا کما رہے ہیں اس سے کم خرچ کرنا ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق میڈیا چینلز کے مالکان کی جانب سے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کی سادگی مہم کے دوران بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔