کراچی: گورنر ہاؤس میں سندھ کی نئی کابینہ کے 8 ارکان نے حلف اٹھا لیا، قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے کابینہ کے اراکین سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس سندھ میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں ابتدائی طور پر سندھ کی کابینہ کے آٹھ ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، کابینہ 8 وزار اور 2 مشیروں پر مشتمل ہے۔
تقریبِ حلف برداری میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شریک تھے، دو مشیروں میں سردار محمد بخش مہر اور مرتضٰی وہاب شامل ہیں۔
قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے سندھ کابینہ کو شارٹ لسٹ کیا، نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اپنی نئی ٹیم میں 14 وزرا اور 2 مشیروں کو رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بعد ازاں بلاول بھٹو کی زیرِ صدارت نامزد کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر سندھ کابینہ کے آٹھ ارکان عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔
سندھ کابینہ میں شامل سعید غنی کو بلدیات اور پارلیمانی امور کا قلم دان دیا گیا ہے، جب کہ شہلا رضا کو ترقیٔ خواتین کا قلم دان سونپا گیا ہے۔
سردار شاہ تعلیم و ثقافت کے وزیر ہوں گے، اسماعیل راہو زراعت اور شبیر بجارانی معدنیات کی وزارتیں سنبھالیں گے، محبوب زمان کو محاصل، عذرا فضل پیچوہو کو صحت کی وزاتیں دی گئی ہیں۔
سندھ، 16 رکنی کابینہ کی منظوری، بلاول کا خود کارکردگی دیکھنے کا اعلان
ہری رام کشوری لال جیل خانہ جات اور اقلیتی امور کے وزیر ہوں گے، جب کہ مرتضٰی وہاب قانون و اینٹی کرپشن اور محمد بخش مہر صنعت و تجارت کے لیے مشیر ہوں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی لیڈر کے سلسلے میں بھی پارٹی کی سطح پر غور شروع کیا گیا ہے، امید ہے کہ سعید غنی کو سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بنایا جائے۔