جکارتہ: انڈونیشیا ایک بار پھر زلزلے کی زد میں آگیا، 6.3 شدت کے زلزلے سے متعدد مکانات متاثر ہوئے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ ہفتے انڈونیشیا میں آنے والے زلزے کی تباہ کاریوں کا بوجھ ہلکا نہ ہوا تھا کہ آج ایک بار پھر زلزے کے نتیجے میں کئی مکانات متاثر ہوئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے ’لومبوک‘ میں ایک نئے زلزلے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات متاثر ہوئے جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی لومبوک میں آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.3 ریکارڈ کی گئی۔
انڈونیشیا میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 347 ہوگئی
حکام کے مطابق اس زلزلے کے باعث ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، جبکہ انتظامیہ لوگوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 400 سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ زلزلے کے باعث متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ دسمبر2016 میں انڈونیشیا کے صوبے آچے میں آنے والے 6.5 شدت کے زلزلے میں 100 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا بحرالکاہل کے ایک ایسے حصے میں واقعہ ہے جہاں زلزلے آنے اور آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے واقعات عموماً رونما ہوتے رہتے ہیں اوردنیا بھر کے تقریباً آدھے آتش فشاں اسی حصّے میں پائے جاتے ہیں۔