اسلام آباد : متنازع اور گستاخانہ خاکوں کے معاملہ پر نیدر لینڈز کے قائم مقام سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا، ترجمان نے سفیر کو اسلام مخالف مہم پر گہری تشویش سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے معاملے پر دفتر خارجہ نے نیدر لینڈز کے قائم مقام سفیر کو طلب کرکے اسلام مخالف مہم پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے اسلام کو بدنام کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا، اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نیدر لینڈز کے سفیر کو وفاقی کابینہ کے احتجاج اور فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستانی سفیر کو نیدرلینڈز حکومت اور اوآئی سی میں یہ معاملہ اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے، اقوام متحدہ میں مستقل مندوبین کو بھی معاملہ اٹھانے کا کہا گیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل او آئی سی کو اس حوالے سے خط لکھا ہے، اس معاملے کو یواین سربراہ اور او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی وفد کی قیادت کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے آج کے اجلاس میں اس حوالے سے شدید مذمت کی گئی ہے، پاکستان اس مسئلے کو دیگر عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق بھی یہ مطالبہ کرچکے ہیں کہ ملک میں نئی بننے والی تحریکِ انصاف کی حکومت ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا نوٹس لے اور اس حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان مشترکہ لائحہ عمل کے لیے اسلامی ممالک سے رابطہ کریں۔
مزید پڑھیں: گستاخانہ خاکے کی نمائش پر فائرنگ کرنے والا ’نادر صوفی‘ کون تھا ؟
خیال رہے کہ دو دن قبل قومی اسمبلی میں بھی ہالینڈ میں پیغمبر اسلام کے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی اور انبیاء کی شان میں گستاخی کو سب سے بڑی دہشت گردی قرار دیا تھا۔