کراچی: سندھ حکومت نے اپنی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سندھ میں وزرا کی تعداد 18 ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے دوسری بار منتخب ہونے والے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے 16 وزرا اور دو مشیروں کی منظوری دی تھی جن میں سے 8 وزرا نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا تھا۔
تاہم اب سندھ کابینہ میں مزید وزرا اور مشیران کی شمولیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سندھ کابینہ میں مزید 10 وزیر، 3 مشیر اور خاص معاون شامل کیے جائیں گے۔ کابینہ میں اضافہ 27 اگست کو کیا جائے گا۔ قائم مقام گورنر آغا سراج درانی نامزد کابینہ کے 10 ارکان سے حلف لیں گے۔
نئے وزرا میں رانا ہمیر سنگھ، حسین شاہ شیرازی، جام خان شورو، ناصر حسین شاہ، گہنور اسران، پروین قائم خانی، ممتاز جاکھرانی، میر نادر علی خان مگسی، مکیش کمار چاولہ اور ملک اسد سکندر کا نام شامل ہے۔
متوقع مشیروں میں ضیا الحسن لنجار، منظور حسین وسان اور اعجاز جاکھرانی کے نام شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے مدد گاروں میں اویس قادر شاہ، ارباب لطف اللہ، قاسم سراج سومرو، ذوالفقار شاہ، ندا کھوڑو، ڈاکٹر لال چند، نواب تیمور تالپور اور ضیا عباس شاہ شامل ہیں۔
چونکہ وزرا کے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی گئی لہٰذا متوقع وزرا کے لیے مزید نام بھی لیے جارہے ہیں جن میں جبار خان، حنا دستگیر، تنزیلہ قمبرانی بھی شامل ہیں۔
نئے وزرا کی شمولیت کے بعد سندھ کابینہ میں موجود وزرا سے اضافی قلمدان واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سعید غنی، سردار شاہ، مرتضیٰ وہاب اور کشوری لال سے اضافی قلمدان واپس لے لیا جائے گا۔