کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو کراچی صبا سنیما کے قریب کپڑا فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی، فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے، شہر بھر سے فائر ٹینڈر اور اسنارکل طلب کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صبا سنیما کے قریب کپڑا فیکٹری میں آگ لگ گئی، کپڑا فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے شہر بھر سے فائر ٹینڈر اور اسنارکل طلب کرلی گئی ہیں، واٹر بورڈ کے سخی حسن اور نیپاہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی، قائم مقام ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہائیڈرنٹ کو فائر بریگیڈ حکام سے رابطے میں رہنے کا حکم دیا ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کامل عارف کے مطابق آگ پہلے معمولی نوعیت کی پھر دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرگئی، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو پانی فراہم کرنے کے لیے مختلف ہائیڈرنٹس سے پانی کی فراہمی شروع کروادی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عید کے دن کی وجہ سے اسٹاف کی بھی کمی ہے جبکہ کوشش کی جارہی ہے کہ جلد سے جلد کپڑا فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پایا جاسکے۔
میئر کراچی وسیم اختر آگ بجھانے کی کارروائی کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں، چیف فائر افسر نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیں گے۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ 12 فائر ٹینڈر اور ایک اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں، پانی کی مسلسل سپلائی کے لیے سخی حسن ہائیڈرنٹ کھلوا دیا گیا ہے۔
وسیم اختر نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، عید تعطیلات کی وجہ سے دونوں فیکٹریاں بند تھیں، سہراب گوٹھ پر ٹریفک جام سے فائر بریگیڈ کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا ہے۔