کراچی: شہرِ قائد کے پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کالی بھیڑوں کے خلاف ایکشن شروع کر دیا ہے، کرپشن اور جرائم میں ملوث 4 افسران کو معطل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سعود آباد پولیس اسٹیشن کے افسران کرپشن اور مجرموں کی سرپرستی کرنے میں ملوث پائے گئے، جس پر ڈیپارٹمنٹ نے ایکشن لیتے ہوئے انھیں معطل کر دیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل افسران میں ایس ایچ او سعود آباد صلاح الدین قاضی، سب انسپکٹرصفدر، سب انسپکٹر ارشد وارثی اور اے ایس آئی شہزاد شامل ہیں۔
پولیس اعلامیے کے مطابق معطل کیے جانے والے افسران پر کرپشن کے علاوہ جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کا الزام بھی ہے، چاروں افسران کو ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے معطل کیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل اعلیٰ افسر نے گٹکا فیکٹری کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا تاہم ایس ایچ او سعود آباد نے فیکٹری مالک سے ایک لاکھ روپے رشوت لے کر اسے چھوڑ دیا تھا۔
کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 16 ملزمان گرفتار
ایس ایچ او صلاح الدین قاضی نے نہ صرف فیکٹری مالک سے رشوت لی بلکہ ان کی جگہ ایک دوسرے شخص کو فیکٹری مالک بتا کر کیس فائل کر دیا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈی ایس پی نے مذکورہ معاملے کی انکوائری کرنے کے بعد ڈی آئی جی شرقی عامر فاروقی کو رپورٹ بھجوا دی، جس پر انھوں نے فوری کارروائی کی۔ دوسری طرف ایڈیشنل آئی جی کراچی کے چھاپوں کے بعد بالا افسران بھی متحرک ہوگئے ہیں۔