لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے محکمے میں ہنگامی اعلانات کے بعد محکمے کے ایک اعلیٰ افسر چیف کمرشل منیجر حنیف گل نے دو سال کی رخصت مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کے نعرے ’آرام حرام‘ کے بعد محکمے کے کچھ بڑے افسران گھبرا گئے ہیں، آرام طلبی یا کام کے پریشر کے باعث اعلیٰ افسر حنیف گل نے طویل چھٹیاں مانگ لیں۔
چیف کمرشل مینجر حنیف گل نے دو سال کی چھٹیوں کی درخواست وزارتِ ریلوے کو ارسال کر دی ہے، خیال رہے کہ ریلوے کے وزیر شیخ رشید نے ادارے کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کا اعلان کر رکھا ہے۔
اپنی درخواست میں ریلوے کے اعلیٰ افسر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیر ریلوے کا رویہ غیر پیشہ ورانہ اور غیر مہذب ہے لہٰذا ان کے ماتحت کام کرنا ممکن نہیں۔
محکمے کے اجلاس میں شیخ رشید نے سابق وزیر خواجہ سعد رفیق کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سامنے کسی وزیر کی تعریفیں نہ کی جائیں، اب ریلوے میں صرف کام ہوگا۔
120 دن کا ٹارگٹ ہے‘ ریلوے کو اپنے پاؤں پرکھڑا کریں گے‘ شیخ رشید
واضح رہے کہ شیخ رشید نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 120 دنوں میں ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے اور ریلوے کا خسارہ اسی سال کم کیا جائے گا۔
انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان ریلوے ہیڈ آفس میں ہفتے کو چھٹی نہیں ہے، پہلے روز سے میرا موٹو آرام حرام ہے، ریلوے کے ملازمین ایک گھنٹہ مزید کام کریں گے اور شام 5 کے بجائے 6 بجے تک کام کریں گے۔