اسلام آباد: وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی عمران خان کی سادگی کے نقش قدم پر چل پڑے، سینیٹر فیصل جاوید کی دعوت پر چائے پینے ڈھابہ ہوٹل پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے بھی اپنے قائد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سادگی اختیار کر لی، انھوں نے سینیٹر فیصل جاوید کی دعوت پر ڈھابہ ہوٹل کا رُخ کر لیا۔
عثمان بزدار نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کے ساتھ سید پور ولیج کے ایک ڈھابہ ہوٹل پر چائے پی، اس موقع پر وزیرِ اعظم کے مشیر افتخار درانی اور فیاض الحسن چوہان بھی موجود تھے۔
سید پور ولیج میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو دیکھ کر شہری بھی پہنچ گئے، عثمان بزدار بھی عوام میں گھل مل گئے، انھوں نے لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
ایئرپورٹس پر پروٹوکول پر پابندی عائد
دوسری طرف وزیرِ اعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر پروٹوکول دینے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ایف آئی اے حکام کی جانب سے پروٹوکول نہ دینے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا، حکم نامے کے مطابق امیگریشن افسران کسی بھی مسافر کو پروٹوکول فراہم نہیں کریں گے۔
اسے بھی ملاحظہ کریں: وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا
حکام نے تنبیہہ کی ہے کہ سفارشی اور خاص مسافروں کو پروٹوکول دینے والے امیگریشن افسران کے خلاف ضابطے کی کاررائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے آج بھی کابینہ کے اجلاس میں ارکان کو ہدایت کی ہے کہ سادگی کا عمل خود سے شروع کر کے صوبے بھر میں پھیلایا جائے، عوام ہم سے تبدیلی کی امید کر رہی ہے اس لیے تبدیلی لا کر دکھائیں۔