اسلام آباد : ایف آئی اے نے جعلی اکاﺅنٹس سے متعلق پوچھ گچھ کیلئے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپورکو آج چوتھی مرتبہ طلب کرلیا، دونوں کو ایف آئی اے کی جے آئی ٹی میں طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو آج بروز پیر27اگست کو طلب کرلیا ہے۔ پی پی رہنماؤں کو بھجوائے گئے نوٹس میں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 27 اگست کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹراسلام آباد میں 35ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے معاملے میں پوچھ گچھ کیلئے متعلقہ تفتیشی افسران کے روبرو پیش ہوں۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کے چار میں سے ایک اکاؤنٹ جو زرداری گروپ نامی کمپنی کے نام پر ہے اس کو جعلی بینک اکاﺅنٹس کے لین دین میں استعمال کیا گیا جس کے ثبوت بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کی بینکنگ عدالت 17 اگست کو منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری سمیت دیگرملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرچکی ہے، عدالت نے ایف آئی اے کوحکم دیا تھا کہ تمام ملزمان کو 4 ستمبرتک گرفتار کرکے پیش کیا جائے تاہم آصف زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کرارکھی ہے۔
مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: فریال تالپورنے زرضمانت جمع کرادی
علاوہ ازیں پی پی رہنماؤں کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ آصف زرداری پر1کروڑ 50لاکھ روپے کی کرپشن، جعل سازی کا الزام مضحکہ خیزہے۔ ایف آئی اے کے کیس میں منی لانڈرنگ کا الزام موجود ہی نہیں۔