لاہور، کوئٹہ: پنجاب اور بلوچستان کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، پنجاب کابینہ سے قائم مقام گورنر پنجاب پرویز الٰہی جب کہ بلوچستان کابینہ سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس پنجاب میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں پنجاب کی 23 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا، دوسری طرف گورنر ہاؤس بلوچستان میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں بلوچستان کی 10 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریکِ انصاف نے پنجاب کی تئیس رکنی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے علیم خان کو بلدیات، یاسمین راشد کو صحت، فیاض الحسن چوہان کو وزارتِ اطلاعات کا قلم دان سونپا تھا۔
کابینہ میں شامل میاں محمود الرشید ہاؤسنگ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر میاں اسلم اقبال انڈسٹری، کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے وزیر، یاسر ہمایوں ہائر ایجوکیشن، تیمور خان یوتھ افیئرز اور کھیلوں کے وزیر ہاشم بخت وزیر خزانہ مقرر کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی 23 رکنی صوبائی کابینہ کا اعلان
مزید پڑھیں: نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل سندھ اسمبلی کی رکنیت سےمستعفی
دوسری طرف آج عمران اسماعیل صوبائی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہو گئے ہیں، وہ آج سندھ کے 33 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک صوبے کے گورنر ہیں، مخصوص شہر کے نہیں، کوشش کریں گے کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔
ادھر نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریبِ حلف برداری ملتوی کردی گئی ہے، ان کی حلف برداری کی تقریب 28 اگست کو منعقد ہونا طے تھی۔ ان کی تقریبِ حلف برداری اب صدارتی الیکشن کے بعد ہوگی، چوہدری سرور پہلے بطور سینیٹر صدر کے لیے عارف علوی کو اپنا ووٹ دیں گے۔