لندن: گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کے لیے آن لائن پٹیشن دائر کردی گئی، پٹیشن میں ہالینڈ حکام پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کے لیے آن لائن دائر کی گئی پٹیشن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہالینڈ کے سفیر کو بلا کر احتجاج کیا جائے۔
پانچ روز قبل دائر کی گئی آن لائن پٹیشن پر اب تک ساڑھے 8 ہزار سے زائد افراد نے دستخط کر چکے ہیں، 10 ہزار دستخط مکمل ہونے پر برطانوی حکومت کو ردعمل دینا پڑے گا۔
چھ ماہ میں ایک لاکھ دستخط ہو گئے تو برطانوی پارلیمنٹ میں اس پر بحث کی جائے گی، جبکہ مذکورہ آن لائن پٹیشن برطانوی شہری شیراز عزیز نے دائر کی ہے۔
او آئی سی نے ڈچ حکومت سے گستاخانہ حرکت فوری روکنے کا مطالبہ کر دیا
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نیدر لینڈز کی حکومت سے گستاخانہ حرکت فوری روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
او آئی سی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’ہم ڈچ پارلیمنٹ کے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کے اعلان کی مذمت کرتے ہیں، تنظیم نے اپنے بیان میں زور دیا کہ ڈچ حکومت کو اس مذموم حرکت کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کہہ چکے ہیں کہ وہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے سامنے بھی معاملہ اٹھائیں گے۔