کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بلے باز جاوید میاں داد نے عامر لیاقت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مستعفی ہو کر ان کے خلاف الیکشن لڑ کر دیکھ لیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی اپنی پارٹی کے ساتھ اختلافات شدید ہوگئے ہیں، سابق عظیم کرکٹر جاوید میاں داد نے انھیں اپنے خلاف الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا ہے۔
جاوید میاں داد نے کہا ’سیٹ خالی کرو میں الیکشن لڑوں گا، عوام نے ووٹ پی ٹی آئی کو دیا ہے، آپ کو پتا لگ جائے گا۔‘
سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت نے جو بیان دیا وہ ان کی سمجھ سے باہر ہے، کراچی والوں نےعمران خان کو ووٹ دیے ہیں، یہ باتیں پاکستان کے حق میں بہتر نہیں ہیں۔
جاوید میاں داد نے انھیں مخاطب کرتے ہوئے کہا ’عامر لیاقت صاحب آپ کو اچھی شروعات کرنی چاہیے، آپ پارٹی کے ممبر ہیں، آپ کو پارٹی میں رہنا چاہیے۔‘
عامر لیاقت حسین کا جواب
جاوید میاں داد کے بیان کے جواب میں عامر لیاقت حسین نے کہا ’الیکشن کی ضرورت نہیں، جاوید میاں داد ویسے ہی سیٹ لے لیں، جاوید میاں داد قابلِ احترام ہیں۔‘
عامر لیاقت نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ اگر مقابلے کی نوبت آئی تو وہ جاوید میاں داد کے حق میں دست بردار ہوجائیں گے۔
عامر لیاقت کی جگہ کھمبا بھی کھڑا کرتے تو جیت جاتا، فیصل جاوید
دوسری طرف عامر لیاقت صحافیوں کے سوال کا جواب نہ دے سکے تو سوال کو عدالتی جرح سے تشبیہ دے دی، عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ انھیں کراچی کے اجلاسوں میں نظرانداز کیا گیا۔
انھوں نے کہا ’میں وزیرِ اعظم عمران خان اور پارٹی کا کارکن ہوں، تحریکِ انصاف چھوڑ کر کہاں جا سکتا ہوں؟‘