اسلام آباد : حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، پیٹرول فی لیٹر2.41پیسے کم کردیا گیا، قمیتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے صارفین کو خوشخبری سنادی، مہنگائی سے بے حال عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، جس کے بعد اب پیٹرول دو روپے41 پیسے کم ہونے کے بعد 92.83 روپے فی لیٹر پر دستیاب ہوگا جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت46پیسے کم ہونے کے بعد 106روپے57پیسے تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں6روپے37پیسےکی کمی کی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں46پیسے کی کمی، مٹی کے تیل کی نئی قیمت83روپے50پیسے ہوگئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات سے ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اوگرا نے پیٹرول کی قیمت دو روپے اور ڈیزل چھ روپے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز دی تھی، اس کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس ختم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس سے پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔