کابل: افغانستان میں شدت پسندوں کی جانب سے دو دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق عسکریت پسندوں نے افغانستان کے دو مخلتف صوبوں کو نشانہ بنایا جن میں مغربی صوبہ بادغیس اور مشرقی صوبہ پکتیا شامل ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شدت پسندوں کی جانب سے دونوں صوبوں میں قائم پولیس چوکیوں پر حملہ کیا گیا جس کے باعث چھ سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتیں ہوئیں۔
صوبہ بادغیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گروں نے جب پولیس چوکی پر حملہ کیا تو اس دوران عسکریت پسندوں کو جوابی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان صوبائی گورنر کے مطابق اس جوابی فائرنگ میں گیارہ حملہ آور بھی مارے گئے۔
افغانستان میں سیکیورٹی فورسزاورطالبان میں جھڑپ، 73 طالبان ہلاک
خیال رہے کہ ان حملوں کے دوران عسکریت پسندوں نے کم از کم تین پولیس گاڑیوں کو آگ بھی لگائی تاہم اب تک کسی دہشت گرد گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ افغان صوبے فریاب میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں مبینہ طور پر 73 طالبان ہلاک جبکہ 31 زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے افغان طالبان نے اپنی کارروائیوں کا دائر ہ کار افغانستان کے متعدد علاقوں میں پھیلا دیا ہے اور عید الاضحیٰ کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے جنگ بندی کی مشروط پیشکش کو بھی مسترد کردیا تھا۔