جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

امریکی وزیر خارجہ ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ایک روزہ دورے کے دوران مائیک پومپیو کی وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو آج ایک روزہ دورے پر اسلامی جمہوریہ پاکستان پہنچے۔ وزیر خارجہ کے ساتھ امریکا کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفرڈ بھی ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ملک کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے اور اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کریں گے۔

- Advertisement -

سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کے بعد دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔

پاکستانی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے، مائیک پومپیو دورہ مکمل کرکے آج ہی نئی دہلی روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دورہ پاکستان سے قبل واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاک امریکا تعلقات میں نئی پیشرفت کا آغاز کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ نے میڈیا نمائندگان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں ثالثی کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون کرے۔

خیال رہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ کے سامنے اپنا مؤقف رکھیں گے۔

مزید پڑھیں: پاک امریکا تعلقات کو ابھی خوشگوار نہیں کہہ سکتے، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں سرد مہری سب کے سامنے ہے، پاک امریکا تعلقات کو ابھی خوش گوار نہیں کہہ سکتے۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ مائیک پومپیو نے وزیر اعظم عمران خان کو فون کرتے ہوئے وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دی تھی اور نئی حکومت سے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم بعد میں فون کی گفتگو متنازعہ رخ اختیار کر گئی تھی۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ فون پر پاکستانی وزیر اعظم کے ساتھ پاکستان میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، تاہم وزارت خارجہ نے اس دعوے کی تردید کی تھی کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں