اسلام آباد : پاک بحریہ نے یوم دفاع وشہدا کی مناسبت سے خصوصی نغمہ ’عشق وطن سے‘ اور پرومو جاری کیا ہے، پرومو میں بحریہ کی کامیابیوں اور قربانیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کی جانب یوم دفاع وشہدا پر نغمے کا ٹیزر اور پرومو جاری کیا ہے ، پاک بحریہ کے نغمے’’عشق وطن سے‘‘میں وطن سے محبت کا اظہار کیا گیا ہے، وطن کی سرحدوں کے دفاع کا عہد بھی نغمے کا حصہ ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے پاک بحریہ کا پرومو 71 سالہ تاریخ میں عوام، بحریہ کے لازوال رشتے کی بنیاد ہے، پرومو میں بحریہ کی کامیابیوں اور قربانیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل پاک بحریہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ویڈیو ریلیز کی تھی ، جس میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔
خیال رہے یوم دفاع وشہدا کل جوش و خروش سے منایا جائے گا، اس حوالے سے مرکزی تقریب پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں منعقد کی جائے گی۔
واضح رہے پاک فوج نے یوم دفاع و شہدا 2018 کو ’ہمیں پیار ہے پاکستان ’سے کے نام سے منفرد انداز میں منانے اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے آئی ایس پی آر اس نے نیا نغمہ بھی جاری کیا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یومِ دفاع و شہدا 2018 پر قوم کے شہیدوں اور ان کے گھر والوں کو یاد کیا جائے گا اور قوم سے درخواست کی تھی کہ وہ 6 ستمبر یومِ دفاع و شہدا پر تمام شہدا کے گھر جا کر انھیں خراجِ عقیدت پیش کریں۔
یاد رہے پاک فوج کی جانب سے ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ مہم کے سلسلے میں خصوصی پروموز جاری کئے تھے، جس میں نشانِ حیدر حاصل کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا جبکہ پہلی بارملک کے ان سیاست دانوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جو دہشت گردوں کے حملوں میں شہید ہوئے۔