کراچی: پیپلزپارٹی نے گیس کے نرخوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پیپلزپارٹی مصطفی نواز کھوکھر نے گیس کے نرخوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلیف دینے کے وعدے کرنے والوں نے مہنگائی کردی۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومتی منصوبے کا پہلا تحفہ گیس کے نرخوں میں اضافہ ہے، گیس کے نرخوں میں 100 فیصد سے زائد کا اضافہ ظلم ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کم کرکے گیس کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔
ترجمان پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران سرکار نے پہلے ہی بجلی کی قیمت میں دو روپے کا اضافہ کیا ہے، کہاں ہیں وہ جو کہتے تھے اقتدار میں آتے ہی ٹیکسز ختم کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر احتجاج کرے گی، ہم عوام کو حکومت کی من مانی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گیس کمپنیوں کے ٹیرف میں اضافے کی منظوری دی تھی اور گیس چوری روکنے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ حکومت نے اوگرا کی تجویز کے مطابق گیس کی قیمتوں میں چھیالیس فیصد اضافہ کردیا ہے، بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا تھا کہ 5 سال میں تیل و گیس کی تلاش کے لئے نئے بلاکس کی منظوری نہیں دی گئی اور پالیسیوں میں تبدیلی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہورہا ہے۔