مظفرآباد: آزاد کشمیر میں مسافر بس پہاڑ سے نیچے گرگئی جس کے باعث 3 افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ ضلع کوٹلی کے علاقے ساردہ میں پیش آیا جہاں مسافر بس اچانک پہاڑ سے نیچے جاگری، حادثے میں تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں 7 افراد شدید زخمی ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق رات کی تاریکی کے باعث ریسکیو ٹیموں کو کام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اطلاع ملتے ہی عملے کے اہلکاروں نے ہر ممکن اقدامات کیے۔
فیصل آباد میں بس حادثہ‘4افراد جاں بحق
قبل ازیں رواں سال جون میں میر پور آزاد کشمیر میں مسافر گاڑی بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس کے مطابق گاڑی میں 18 افراد سوار تھے۔
خیال رہے کہ اگست 2016 میں بھی ایک افوس ناک حادثہ پیش آیا تھا، آزاد کشمیر میں ڈڈیال سے میرپور آنے والی مسافر بس بے قابو ہوکر کھائی میں گرگئی تھی، حادثے میں 4 مسافر جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے تھے۔