اشتہار

پاکستان کے کرتارپور بارڈر کھولنے کے بیان پر سکھ برادری خوشی سےنہال

اشتہار

حیرت انگیز

نارووال : سکھ برادری نے حکومت پاکستان کی جانب سے دربار کرتار پور کا بارڈر کھولنے کے بیان کو انتہائی خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے دربار کرتار پور کا بارڈر کھولنے کے اعلان کے بعد سکھ برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، نارووال کی تحصیل شکرگڑھ میں موجود دربار کرتارپور کے گیانی گوبند سنگھ کا کہنا ہے وزیراطلاعات کے بیان سے پوری دنیا کے سکھ خوش ہوئے ہیں، دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا ہے، سکھ برادری حکومت پاکستان کی شکرگزار ہے۔

خیال رہے دربار کرتارپور ضلع نارووال میں ہے جبکہ اس کے دوسری جانب سرحد پار بھارتی تحصیل بٹالہ میں ڈیرہ بابا گرونانک ہے۔۔۔ پاکستان نہ پہنچنے والے سکھ یاتری دوربین سے دربار کرتا سنگھ کا نظارہ کرتے ہیں۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں : پاکستان سکھ یاتریوں کے لئے جلد کرتار سنگھ بارڈر کھول دے گا، وزیراطلاعات فواد چوہدری

گذشتہ روز انٹرویو میں وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا پاکستان جلد سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور بارڈر کھول دے گا، جس کے بعد یاتری ویزے کے بغیر گردوارہ دربار صاحب کے درشن کر سکیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا تھا پاکستان بھارت سے بات چیت کا خواہشمند ہے، بھارت کی جانب سے مثبت اشارے نہیں ملے، بھارت کو مذاکرات کی پیش کش میں فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر سدھو نے کرتار پور بارڈر کھولنے کے اعلان پر جذباتی ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا وہ اپنےدوست وزیراعظم عمران خان کاشکریہ اداہی نہیں کرسکتے، پاکستان دوستی میں دو قدم آگے بڑھا، بھارت سرکار ایک قدم ہی بڑھا دے، کسی نے بغیر مانگے یہ پیش کش کی تھی، آج سیاسی سطح سے بھی اس کا اعلان کردیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں