اسلام آباد: ڈیم فنڈ ریزنگ کے لیے وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیم فنڈ ریزنگ کے لیے وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک دے دیا ہے، ذرائع کے مطابق امریکی، یورپی ممالک میں فنڈ ریزنگ کے لیے پارٹی رہنما رابطے کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں سے فنڈ ریزنگ کے لیے سینیٹر فیصل جاوید امریکا جائیں گے، پارٹی رہنماؤں کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی ڈٰیم فنڈ کے لیے اربوں کا تعاون کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 9 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنا ناممکن نہیں ہے، خلیجی ممالک میں پاکستانی ملک کی تقدیر بدلنے میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈیم فنڈز کے لیے قطر سمیت دیگر ممالک میں پاکستانیوں کا مثبت ردعمل سامنے آیا ہے، فنڈریزنگ مہم کو موثر انداز میں چلایا جائے تو کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کی مدد سے معاشی طور پر ملک مستحکم کرسکتے ہیں۔
واضح رہے گذشتہ روز وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر سب بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہوگیا ہے، ڈیم نہ بنائے تو 2025میں پاکستان میں خشک سالی شروع ہوجائے گی، پاکستان میں قحط پڑسکتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ڈیم بنانے کے لئے آج سے جہاد کرنا ہے، اوورسیز پاکستانی کم ازکم ایک ہزارڈالر ڈیم فنڈز میں بھیجیں۔چیف جسٹس اورپرائم منسٹر فنڈزکو ضم کیا جارہا ہے، یقین دلاتا ہوں قوم کے پیسے کی خود حفاظت خود کروں گا۔