بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا زور، شہری موبائل فون اور قیمتی اشیاء سے محروم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں عوام ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر ہیں،  صرف کلفٹن میں ایک گھنٹے میں چار وارداتیں رپورٹ ہوئیں جو  پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئیں، شہری موبائل فون اور قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نئے پاکستان میں کراچی والے سکھ کا سانس لینے کے بجائے اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ روشنیوں کے شہر میں ڈاکو دندنا رہے ہیں، پولیس اپنی روایتی کارروائی کرکے صرف فرض ادا کررہی ہے۔

کلفٹن میں ایک گھنٹے کے دوران چار افراد کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کر دیا گیا۔ اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے والا رقم سمیت موبائل فون بھی گنوا بیٹھا۔

مسلح افراد کے ہاتھوں بلاول چورنگی کے قریب شہری موبائل فون سے محروم ہو گیا، ایک ہی گروپ کی لوٹ مار کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، بوٹ بیسن تھانے میں وارداتوں کا مقدمہ درج کرانے کیلئے چار شہریوں نے درخواستیں دی ہیں۔

گلشن حدید کراچی میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دن دہاڑے راہ چلتی خاتون سے لوٹ مار کی، ماں کے ساتھ موجود بے بس بیٹا ماں کی فکر کرتا رہا اور اپنی ماں کو ڈاکوؤں کے سامنے مزاحمت کرنے سے روکتا رہا۔

موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے پہلے خاتون کاپرس چھینا، جاتے جاتے ان کی نظر چوڑیوں پر پڑگئی، خاتون سے نہ اتری تو بیٹا ہی مدد کرنے لگا۔ ایک ڈاکو نے چوڑیاں اتروائیں اور باآسانی فرار ہو گئے۔

اس کے علاوہ وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے پرسنل سیکریٹری کے گھر کا بھی صفایا ہو گیا۔ پانچ مسلح ملزمان سچل گوٹھ بھٹائی آباد میں گھر میں گھسے اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور لاکھوں روپے لُوٹ کر فرار ہوگئے۔

کراچی میں اضافی پولیس نفری اور مخصوص فورس ناکام نظر آتی ہے۔ رواں سال ماہ جنوری سے اب تک بائیس ہزار چھ سو سے زیادہ افراد کے موبائل فون چھینے اور چوری کیے گئے، رپورٹ کے مطابق اب تک صرف نو سو ساٹھ ہی ریکور ہو سکے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں