فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد کے نواحی علاقے سے 13 سالہ لڑکی اغوا کرکے اس کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے نواحی علاقے سے تیرہ سالہ لڑکی کو اغوا کیے جانے کے بعد اس کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی گئی، تھانہ ماموں کانجن میں متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غلام عباس کی بیٹی اپنے معذور نانا نانی کے پاس مقیم تھی، لڑکی کو پڑوسن نے نشہ آور چیز کھلا کر بے ہوش کیا تھا۔
پولیس کے مطابق پڑوسن کا بھائی عامر بے ہوش لڑکی کو اغوا کر کے ساہیوال لے گیا، جہاں ملزمان عامر، عابد، راشد اور ممتاز نے لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد: سات سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا ملزم لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار
پولیس نے بتایا کہ تیرہ سالہ مغویہ کو پنچایت کے ذریعے ملزمان کے قبضے سے چھڑایا گیا، لڑکی کے والد کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل بھی فیصل آباد میں وحشی درندوں نے مبینہ زیادتی کے بعد سات سال کی بچی فضا کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، اس کے قاتل عبد الرزاق کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔