پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، خالد مقبول صدیقی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر اور وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیوایم پاکستان کے نئے کارکنان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے فیصل سبزواری، میئرکراچی وسیم اختر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں ایم کیو ایم کے کنوینئر اور وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ایم کیو ایم ماضی کی طاقت سے بڑھ کر اور مزید مضبوط ہوکر سامنے آئی ہے کیونکہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم غریب اور متوسط طبقے کو ایوانوں میں لے کر آئے گی، خالد مقبول صدیقی  نے مطالبہ کیا کہ ہمارے لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔

استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ دھونس اور دھمکیوں سے جانے والے کارکنان ایم کیو ایم میں واپس آگئے ہیں۔

ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ جبر اور طاقت کا زور ختم ہوگا تو کارکنان پارٹی میں واپس آ ئیں گے اور آج ہم سب نے دیکھا کہ سیکڑوں کارکنان نام نہاد جماعت پی ایس پی سے واپس آگئے ہیں۔

فیصل سبزواری نے بتایا کہ ان کارکنان کو تشدد، گرفتاریوں اور مارنے کی دھمکیاں دے کر پارٹی چھڑائی گئی تھی، کراچی کے نوجوانوں کے لئے بھی عام معافی کا اعلان کیا جائے۔

استقبالیہ سے مئیر کراچی وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پر شب خون مارنے والے آج کہیں نظرنہیں آرہے، آج بھی ایم کیو ایم ایک منظم اور متحد جماعت ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی مہاجر قوم پتنگ کے انتخابی نشان کے پیچھے کھڑی ہے، پارٹی میں واپس آنے والے تمام کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں