جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

بغاوت کے مقدمے کی درخواست ، شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : نواز شریف، شاہد خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت  کے دوران لاہور ہائی کورٹ نے شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ اسلام آباد پولیس کو سرل المیڈا سے بھی نوٹس کی تعمیل کرانے کا حکم دیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

بنچ کے سربراہ جسٹس مظاہرہ علی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ شاہد خاقان عباسی ہیش کیوں نہیں ہوئے، فل بنچ نے سابق وزیراعظم کے پیش نہ ہونے پر ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

عدالت نے سابق وزیراعظم کو دس لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔

عدالت نے نواز شریف کو سپرنڈنٹ اڈیالہ جیل اور صحافی سرل الیمیڈا کو ایس ایس پی اسلام آباد کے ذریعے نوٹس جاری کئے اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کوسرل المیڈا سے نوٹس کی تعمیل کرانے کا حکم بھی دیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے دلائل میں کہا نواز شریف نے بمبئی حملوں کے متعلق بیان دیا، جس پر سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا گیا اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بند کمرے کی کارروائی کی تفصیلات نواز شریف کو بتائیں اور اس طرح اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی۔

درخواست گزار نے کہا نواز شریف نے ممبئی حملوں کے متعلق سرل المیڈا کو انٹرویو دیا، جس سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا اور شاہد خاقان عباسی نے مکمل معاونت کی لہذا عدالت نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی اور سرل المیڈا کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

یاد رہے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ممبئی حملوں میں پاکستان میں متحرک عسکریت پسند تنظیمیں ملوث تھیں، یہ لوگ ممبئی میں ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں، مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انہیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر ممبئی میں 150 لوگوں کو قتل کردیں۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں