لاہور: سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے زور و شور سے جاری فنڈ ریزنگ مہم کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیمز چندے کے پیسوں سے نہیں بنتے۔
شاہد خاقان نے اپنی گفتگو میں یہ بھی کہا کہ بیانات اور باتیں کرنے سے بھی ڈیم نہیں بنتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کا تعلق پیسے سے نہیں بلکہ نظام ٹھیک کرنے میں ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ آج سابق وزیرِ اعظم لاہور ہائی کورٹ میں اپنے خلاف مقدمے میں پیش نہیں ہوئے جس پر ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
شاہد خاقان نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ مسلم لیگ ن موجودہ حکومت کو ضمنی الیکشن میں شکست دے گی، ہم نے مشکل حالات کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں آج شاہد خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت کی گئی، جس میں جج نے پیش نہ ہونے پر سابق وزیرِ اعظم کے خلاف قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
یہ بھی پڑھیں: بغاوت کے مقدمے کی درخواست ، شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری
بغاوت کے مقدمے کے درخواست گزار کے وکیل نے دلائل میں کہا نواز شریف نے ممبئی حملوں کے متعلق بیان دیا، جس پر سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلایا گیا اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے بند کمرے کی کارروائی کی تفصیلات نواز شریف کو بتائیں اور اس طرح اپنے حلف کی پاس داری نہیں کی۔