پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں الیکشن کمیشن کے حکم پر دوبارہ پولنگ ہوئی جس میں تحریکِ انصاف کے امیدوار شوکت یوسف زئی ایک بار پھر کام یاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کے پی کے صوبائی حلقے شانگلہ 23 میں ری پولنگ مکمل ہوگئی، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار نے ایک بار پھر میدان مار لیا۔
شانگلہ پی کے 23 کے تمام 135 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے شوکت یوسف زئی نے 39290 ووٹ لے کر کام یاب ہوگئے ہیں۔
غیر سرکاری نتیجے کے مطابق تحریکِ انصاف کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رشاد خان 22545 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
شانگلہ کے انتخابی حلقے میں آج صبح 8 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہا، غیر حتمی نتیجہ آتے ہی پی ٹی آئی کارکنان نے جشن منانا شروع کر دیا اور خوب آتش بازی کی۔
یہ بھی پڑھیں: پی کے 23 شانگلہ وَن میں ضمنی انتخاب آج ہوگا
واضح رہے کہ 25 جولائی کے عام انتخابات میں خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 10 فی صد سے کم ہونے کے باعث الیکشن کمیشن نے شانگلہ پی کے 23 میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔
عام انتخابات 2018 میں پاکستان تحریکِ انصاف کے شوکت یوسف زئی 17 ہزار 399 ووٹ لے کر کام یاب ہوگئے تھے جب کہ ن لیگ کے رشاد خان 15 ہزار 533 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔