اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے معاملے پر مکمل تعاون کیا جائے گا، وزیراعظم نے قانونی تقاضوں میں تعاون کے لیے ہدایت کی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان نے اظہار افسوس کیا ہے، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کلثوم نواز کے انتقال کی خبر ملنے کے بعد دعا کرائی گئی۔
فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم نے بیگم کلثوم نواز کے معاملے پر قانونی تقاضوں میں تعاون کی ہدایت کی ہیں، عمران خان نے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کو ہدایات جاری کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف آج رات گیارہ بجے لندن کے لیے روانہ ہوں گے، شہباز شریف بھابھی کلثوم نواز کے جسد خاکی کے ہمراہ وطن واپس آئیں گے، کلثوم نواز کی تدفین آبائی قبرستان جاتی امرا میں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: بیگم کلثوم نوازانتقال کرگئیں
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصہ برطانیہ میں زیرِ علاج رہنےکے بعد انتقال کرگئیں ، وہ طویل عرصے سے گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں۔
بتایا جارہاہے کہ ان کے شوہر نواز شریف اور بیٹی مریم نواز جو کہ اڈیالہ جیل میں قید ہیں ، انہیں اس سانحے کی اطلاع دی جاچکی ہے اور وہ پے رول پر رہا ہوکر بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شریک ہوں گے۔